Tarjuma Quran
English Articales

غافلین کو آخرت کے حساب کی فکر ہو گی ۔ علامہ حسنات احمدمرتضے

Published on:   27-04-2011

Posted By:   محمد کامران عارف

میونخ ۔ علامہ صاحبزادہ حسنات احمد مرتضے نے کہا ہے کہ غفلت میں رہنے والوں کو جاننا چاہیئے کہ قیامت قریب ہے ۔ یوم حساب قریب ہے ۔سورہ انبیا کے آغاز میں بیان کیا گیا ہے ۔ ,, لوگوں کے لئے ان کا حساب قریب آگیا اور وہ ہیں کہ غفلت میں منہ پھیرے پڑے ہیں ،، امام رازی فرماتے ہیں اس آیت مقدسہ میں قرب کا ذکر ہو ا ہے اور قرب دو قسم کا ہوتا ہے ایک قرب مکانی اور دوسرا زمانی ۔یہاں سے قرب زمانی مراد ہے ۔ یعنی قیامت کا زمانہ قریب ہے ۔حدیث کامفہوم ہے کہ آپ نے فرمایا میں اور قیامت اس طرح قریب ہے جس طرح ایک انگلی سے دوسری ۔یہ آیت مکی زندگی سے تعلق رکھتی ہے ۔ابن جوزی فرماتے ہیں کہ یہ آیت کفار مکہ کے باے نازل ہوئی ۔کفار و مشرکین اسلام ، صاحب قرآن کا مذاق اڑاتے تو اللہ تعالی نے ان کو تنبیہ فرمائی کہ دنیا کے نشے میں مبتلا رہنے والو ! قیامت ، حساب وکتاب قریب ہے ۔آخرت کی فکر کرو ۔اس لئے کہ انسان کو اپنے ہر کام کرنے سننے کا حساب دینا ہو گا ۔ابن عطیہ نے فرمایا کہ ایک صحابی دیوار بنا رہے تھے آپ کا گزر ہوا تو انہوں نے آپ سے پو چھا کہ آج قرآن کو کو نسا حصہ ناز ل ہوا ہے ۔آپ نے یہ آیت سنائی تو انہوں نے وہ سب کچھ وہی چھوڑا اور کہنے لگے کہ جب حساب کتاب قریب ہے تو پھرمیں ان کا موں میں مشغول ہونے کی بجائے آخرت کی تیاری کرتا ہوں ۔ آج غفلت میں اس قدر ہم ڈوب چکے ہیں کہ ہمیں آخرت بھول چکی ہے ۔ آخرت کو بھولنا اور لہوولعب ،فسق وفجور میں مبتلا ہو نا بھی قیامت کی علامت ہے ۔ مشکوۃ نے بخاری ومسلم کے حوالے سے بیان کیا کہ حضرت انس ؓ فرماتے ہیں میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا ، آپ ﷺ نے فرمایا قیامت کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ علم کم ہو جائے گا جہالت کی کثرت ہوگی ، زنا بہت عام ہوجائے گا ،شراب نوشی کثرت سے ہوگی ، مرد کم اور عورتیں زیادہ ہوجائیں گی حتی کہ ایک مر د پچاس عورتوں کو سنبھالے گا ۔ایک روایت میں یہ بھی ہے کہ علم کم اور جہالت زیادہ ہو جائے گی ۔