Tarjuma Quran
English Articales

زندگی کے ہر معاملے میں اسوہ حسنہ سے راہنمائی لینا ہو گی ۔ صاحبزادہ حسنات احمد مرتضے

Published on:   25-02-2011

Posted By:   محمد کامران عارف

میونخ ۔ علامہ صاحبزادہ حسنات احمد مرتضے نے خطبہ جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسوہ رسول ﷺ کو اپنانا ہی انسانیت کی فلاح کا راز ہے ۔ہمیں اپنی زندگی کے ہر معاملے میں اسوہ حسنہ سے راہنمائی لینا ہو گی ۔ جان کائنات ﷺ کا گھروالوں سے تعلق، بچوں سے شفقت کا انداز ، غلاموں کو نوازنے کے طریقے ، اپنوں بیگانوں سے حسن سلوک ،حتی کہ زندگی کے ہر معاملے میں آپ کا وجود اقدس اور آپ کا ہر عمل ہمارے لئے راہنمائی فراہم کرتاہے ۔۔گھر والوں سے اچھا سلوک کرنا اور ان کو خوش رکھنا بھی آپ ﷺ کی سنت ہے ۔ آپ دوسرے شہر جاتے تو گھر والوں کے لئے تحفہ لاتے ۔تحفہ دینا اور قبول کرنا سنت ہے ۔ اس سے آپس میں محبت اور الفت بڑھتی ہے ۔ ایک دیہاتی آپ کے لئے گاﺅںکے تحائف لاتے تو آپ اسے شہر کے تحائف عطا فرماتے ۔خوش طبعی فرماتے ہو ئے اس کو اپنا دیہات اور آپنے آپ کو اس کا شہرقرار دیتے ۔ شہری زندگی کو آپ ترجیح دیتے ۔اس لئے کہ شہری زندگی میں تعلیم اورتہذیب وتمدن والی زندگی کے زیادہ مواقع ملتے ہیں ۔بچوں سے پیار فرماتے ۔ بچوں کے ساتھ نرمی اور محبت سے پیش آنے کا درس دیتے ۔سفر سے واپسی پر بچوں کو سواری پر بٹھا لیتے اور ان سے شفقت فرماتے ۔غلاموں کو بھی نوازتے ۔جاہلیت کے امتیازات کو آپ نے ختم فرمایا ۔ قبل از اسلام غلاموں اور آزاد لو گوں کے مابین فرق کو ختم فرمایا ۔ شرفا و غلاموں کو ایک ہی صف میں کھڑا کر دیا ۔ حضرت سالم مولی ابوحذیفہ کو اس قدر نوازا کہ ایک موقع پر آپ نے فرمایا چار لوگوں سے قرآن سیکھو۔ ان چار میں سالم مولی ابوحذیفہ کو شامل فرما کر جاہلیت کے طور طریقوں پر کاری ضرب لگائی ۔ معاشرے کے کمزور افراد کو بلند مرتبہ ومقام عطا فرمایا ۔ حتی کہ ہر حوالے سے دیکھا جائے تو آپ ﷺ کا وجود اقدس انسانیت کے لئے خیر کا پیکر اور نفع بخش ہے ۔