Tarjuma Quran
English Articales

ہر زمانے میں دنیا بھر کے مسلمانوں کو صبر اور نماز سے مد دطلب کرنی ہو گی۔علامہ حسنات احمد مرتضے

Published on:   04-09-2011

Posted By:   محمد کامران عارف

علامہ حسنات احمد مرتضے نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو صبر اور نماز سے مدد طلب کرنی ہو گی ۔ نماز دین کا ستون ہے ۔نماز مومن کی معراج ہے ۔ نماز رسول کریم ﷺ کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے ۔سورہ بقرہ کی آیت 153میں ہے,, اے ایمان والو ! مدد لیا کرو صبر اور نماز سے ، پکی بات ہے کہ اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہوتا ہے ،، اس آیت میں ہر زمانے کے مسلمانوں کو صبر اور نمازسے مدد حاصل کرنے کا درس دیا گیا ہے ۔ آج مسلمانوں کو ان دونوں چیزوں کی اہمیت و فضیلت کو سمجھنا چاہئے ۔ ہمارے پیارے آقا ﷺ اپنی حیات مبارکہ میں پیش آنے والے مختلف مراحل میں خود بھی صبر کا پیکر دکھائی دیتے ہیں اور اپنے غلاموں کو بھی صبر کا حکم دیتے ہیں ۔صبر کرنے والوں کو اللہ تعالی اپنی معیت و نصرت کی بشارت عطا فرماتا ہے ۔ اسی طرح آپ نماز کی پابندی فرماتے ۔مسلمانوںکو بھی نماز کا حکم دیتے ۔پانچ وقت کی نماز ہر مسلمان پر فرض ہے ۔ بچوں سات سال کی عمر کو پہنچے تو ان کو بھی نماز پڑھنے کا حکم دینا اور ان کو نماز سکھانا ضروری ہے ۔ نماز مسلمانوں کی علامت ہے ۔ نماز قرب خداوندی کا وسیلہ ہے ۔ مشکل مراحل پر آپ خود بھی نماز پڑھتے اور غلاموں کو بھی یہ حکم دیتے ۔ رسول کریم نے فرمایا اگر کسی کو اللہ تعالی سے یا کسی انسان سے کوئی حاجت ہو تو اسے چاہئیے کہ اچھی طرح وضو کرے پھر دو رکعت نماز پڑھے ۔پھر اللہ تعالی کی حمد و ثنا کرے ۔اس کے بعد درود شریف کثرت سے پڑھ کر ان کلمات سے دعا مانگے ۔لَا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ الْحَلِیْمُ الْکَرِیْمُ سُبْحَانَ اللّٰہِ رَبِّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ اَسْئَلُکَ مُوْجِبَاتِ رَحْمَتِکَ وَعَزَائِمَ مَغْفِرَتِکَ وَالْغَنِیْمَۃَ مِنْ کُلِّ بِرٍّ وَالسَّلَامَۃَ مِنْ کُلِّ اِثْمٍ لَا تَدَعْ لِیْ ذَم نْبًا اِلَّا غَفَرْتَہٗ وَلَا ھَمًّا اِلَّا فَرَّجْتَہٗ وَلَا حَاجَۃً ھِیَ لَکَ رِضًا اِلَّا قَضَیْتَھَا یَا اَرْحَمَ الرَّاحِمِیْنَ(رواہ ترمذی )